واشنگٹن: امریکا میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹیکنالوجی نظاموں میں بڑے پیمانے پر تعطل کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے وائٹ ہاؤس کے نیشنل سائبر ڈائریکٹر شان کیرن کراس کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب تکنیکی خرابیوں کے متعدد واقعات پر انتظامیہ کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ ان واقعات میں مائیکروسافٹ کے نظام اور سروسز میں عالمی سطح پر خرابی شامل ہے، جس سے کروڑوں صارفین متاثر ہوئے۔ امریکا میں فلائٹ آپریشن کی ملک گیر معطلی سے 18 ہزار سے زائد پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔
شان کیرن کراس وفاقی حکومت کی سائبر سکیورٹی پالیسی اور حکمت عملی کی نگرانی کرتے تھے۔ رائٹرز کے مطابق محکمہ دفاع کی چیف انفارمیشن آفیسر عارضی طور پر ان کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ وائٹ ہاؤس کے قریبی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صدر ٹرمپ نے اس فیصلے کی مکمل حمایت کی۔
شان کیرن کراس نے جمعرات کی رات اپنے بیان میں کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ میں خدمات انجام دینا ان کے لیے بڑا اعزاز تھا۔
امریکا کے ایک اعلیٰ انٹیلی جنس عہدیدار نے بدھ کو کہا تھا کہ یہ واقعات الگ الگ تھے۔ ان کے مطابق ان کی وجہ نظام کی دیکھ بھال اور تکنیکی تبدیلیاں تھیں، اور ان کا تعلق کسی مربوط یا ریاستی سرپرستی میں کیے گئے سائبر حملے سے نہیں تھا۔ سائبر سکیورٹی ماہرین نے رائٹرز کو بتایا کہ ان خرابیوں کا تعلق ممکنہ طور پر مصنوعی ذہانت کے دور میں سافٹ ویئر کی نئی خامیوں کی نشاندہی اور انہیں فوری دور کرنے کی کوششوں سے ہو سکتا ہے۔
ریپبلکن سینیٹر جوش ہولی نے منگل کو کہا تھا کہ انتظامیہ کو ان واقعات پر قانون سازوں کو بریفنگ دینی چاہیے۔ شان کیرن کراس اس عہدے سے قبل ریپبلکن نیشنل کمیٹی میں اعلیٰ عہدے پر فائز تھے۔ ان کے مستقل جانشین کی تقرری کے لیے سینیٹ کی منظوری درکار ہوگی، جہاں جنوری سے ڈیموکریٹس کو اکثریت حاصل ہو جائے گی۔




