ریاض: سعودی عرب نے دارالحکومت ریاض میں شہری اور اقتصادی تنصیبات پر حوثیوں کے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ سعودی عرب نے تصدیق کی ہے کہ ان حملوں سے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں مالی نقصان ہوا ہے۔
سعودی وزارتِ خارجہ نے 19 نومبر کو جاری بیان میں کہا کہ مملکت کو اپنی خودمختاری کے دفاع، قومی اثاثوں کے تحفظ اور شہریوں اور مقیم افراد کی سلامتی کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا مکمل حق حاصل ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب اپنی سرزمین یا قومی اثاثوں کے خلاف کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا، اور اس کے اقدامات بین الاقوامی قانون کے مطابق ہوں گے۔
بیان میں عالمی برادری اور سلامتی کونسل کے مستقل ارکان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں، اور سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کریں۔ سعودی وزارتِ خارجہ کے مطابق یہ حملے ظاہر کرتے ہیں کہ حوثی خطے اور عالمی سلامتی کے لیے کتنا بڑا خطرہ ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یمن کے حوثیوں نے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور ایک مالیاتی مرکز پر کروز میزائل حملوں کا دعویٰ کیا تھا۔ حوثیوں کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی یمن میں شہری تنصیبات پر سعودی حملوں کے جواب میں کی گئی۔ سعودی قیادت والے اتحاد نے اس وقت ریاض کی جانب بھیجے گئے دو ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔




