سونی ایک ایسے نئے گیمنگ کنٹرولر کے ڈیزائن پر غور کر رہا ہے جس میں روایتی بٹنوں اور اینالاگ اسٹکس کی جگہ مکمل ٹچ اسکرین استعمال کی جا سکتی ہے۔
معروف ٹیکنالوجی ویب سائٹ فون ورلڈ کے مطابق، سونی کے ایک حالیہ پیٹنٹ میں اس منفرد ڈیزائن کی تفصیلات سامنے آئی ہیں، یہ کنٹرولر مستقبل میں پلے اسٹیشن 6 کے لیے زیر غور آ سکتا ہے تاہم سونی نے تاحال نہ تو پلے اسٹیشن 6 کے کنٹرولر کا باضابطہ اعلان کیا۔
نئے کنٹرولر میں کیا خاص ہوگا؟
مجوزہ ڈیزائن میں روایتی بٹنوں، ڈائریکشنل پیڈ اور اینالاگ اسٹکس کی جگہ ٹچ اسکرین پر ڈیجیٹل کنٹرولز دیے جائیں گے۔
کھلاڑی اپنی ضرورت کے مطابق ان کنٹرولز کی جگہ تبدیل کر سکیں گے، بٹنوں کا سائز چھوٹا یا بڑا کر سکیں گے اور ان کے درمیان فاصلہ بھی اپنی پسند کے مطابق رکھ سکیں گے۔

معذور افراد کے لیے بھی فائدہ مند ہو سکتا ہے
اس ڈیزائن کا ایک اہم مقصد مختلف ہاتھوں کے سائز اور ضروریات کے مطابق کنٹرولر کو ڈھالنا ہے۔ اس سے ان افراد کو بھی فائدہ پہنچ سکتا ہے جنہیں روایتی کنٹرولر استعمال کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

تاہم، فزیکل بٹنوں اور اسٹکس کو ختم کرنے کے کچھ نقصانات بھی ہیں، روایتی کنٹرولرز میں کھلاڑی چھو کر بٹنوں کی جگہ محسوس کر سکتے ہیں جبکہ ہموار ٹچ اسکرین پر ایسا کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔ یہ مسئلہ بالخصوص بصارت سے محروم کھلاڑیوں کے لیے اہم ہے۔
کیا پلے اسٹیشن 6 میں یہی کنٹرولر ہوگا؟
فی الحال یہ ڈیزائن صرف ایک پیٹنٹ کا حصہ ہے، حتمی پراڈکٹ نہیں۔ سونی نے ابھی تک تصدیق نہیں کی کہ وہ پلے اسٹیشن 6 کے ساتھ ایسا کنٹرولر متعارف کرائے گا۔





