کراچی: پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2026 کے مون سون سیزن کے دوران سندھ میں صوبائی سطح پر بارشوں کی سب سے زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں معمول سے 50.8 فیصد کم بارش ہوئی۔
یکم جولائی سے 30 ستمبر کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 120.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جو مون سون کے معمول سے 19.3 فیصد کم تھی۔
سندھ میں تین ماہ کے دوران 71.1 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ کراچی میں اسی عرصے کے دوران بارش معمول سے 92 فیصد کم ریکارڈ کی گئی۔
بلوچستان میں معمول سے 33.7 فیصد کم بارش ہوئی، جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں 18.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ خیبر پختونخوا میں بارش معمول سے 16.3 فیصد اور پنجاب میں 3.8 فیصد کم رہی۔
گلگت بلتستان ملک کا واحد خطہ رہا جہاں مون سون کی بارش معمول سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ یہاں بارش معمول سے 4.6 فیصد زیادہ رہی۔
پی ایم ڈی نے بارشوں میں کمی کو جزوی طور پر ال نینو کی تشکیل اور اس کے اثرات سے منسلک کیا ہے۔ ال نینو ایک موسمیاتی عمل ہے جو مختلف خطوں کے موسمی نظام کو متاثر کرتا ہے اور جنوبی ایشیا میں مون سون بارشوں کی شدت اور تقسیم میں تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے اس سے قبل بھی کہا تھا کہ ال نینو خطے میں مون سون کی سرگرمی کو کمزور کر سکتا ہے۔ پی ایم ڈی کے مطابق پاکستان کے ہمسایہ ممالک میں بھی اس سیزن کے دوران بارشیں معمول سے کم ریکارڈ کی گئیں۔
بارشوں میں یہ کمی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان ربیع کے فصلوں کے سیزن میں داخل ہو رہا ہے اور پانی کی تقریباً 25 فیصد کمی متوقع ہے۔ ربیع کی فصلوں میں گندم شامل ہے، جس کے باعث آنے والے مہینوں میں آبپاشی کے لیے پانی کی دستیابی زرعی پیداوار کے لیے اہم ہوگی۔





