استنبول: اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے اتوار کے روز کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کا تنازع ختم کرنے کے لیے ایران کے پاس مذاکرات کی میز پر واپسی کا راستہ اب بھی کھلا ہے، جبکہ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا ماننا ہے کہ وقت اس کے حق میں ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہامش پر نیویارک میں 'ال مانیٹر لائیو' تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مائیک والٹز کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کو توقع ہے کہ ایران بالآخر ترجیحی طور پر سفارتی اور پرامن ذرائع سے مذاکرات کی میز پر واپس آئے گا۔
28 فروری کو شروع ہونے والے ایران تنازع میں کیا امریکہ وقت کو اپنے حق میں سمجھتا ہے؟ اس سوال کے جواب میں مائیک والٹز نے کہا، ”میرا ماننا ہے کہ معاملہ ایسا ہی ہے۔“
والٹز نے ان خبروں کو ”خام خیالی“ قرار دے کر مسترد کر دیا جن میں کہا گیا تھا کہ تہران نے مذاکرات کی بحالی کے لیے امریکی پابندیوں کے خاتمے اور تاوان کی ادائیگی کی شرائط عائد کی ہیں۔
انہوں نے معیشت پر بڑھتے دباؤ اور ملکی کرنسی کی قدر میں کمی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران کی معاشی حالت کمزور ہو چکی ہے۔ والٹز کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت 1979 کے بعد اپنے کمزور ترین موڑ پر ہے اور مزید کمزور ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ”وہ [مذاکرات میں] واپس آئیں گے، اور مجھے امید ہے کہ ایسا پرامن اور سفارتی انداز میں ہو گا۔“
غزہ کے حوالے سے والٹز نے انتظامیہ کی حکمت عملی کو ”کثیر الجہتی کی نئی قسم“ قرار دیا اور کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی غزہ منصوبے پر عمل درآمد کے سلسلے میں اسرائیل سے بات چیت 27 اکتوبر کے اسرائیلی پارلیمانی انتخابات کے بعد آگے بڑھ سکتی ہے۔
اس منصوبے میں فلسطینی ٹیکنوکریٹ انتظامیہ کا قیام، بحالی و تعمیرِ نو کی کوششیں اور بین الاقوامی مستحکم فورس (اسٹیبلائزیشن فورس) کی تعیناتی شامل ہے۔
تاہم حماس کے غیر مسلح ہونے اور اسرائیلی انخلا کے معاملے پر مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔
والٹز نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل اور دیگر ممالک کے درمیان تعلقات استوار کرنے کے 'ابراہیمی معاہدوں' (ابراہیم ایکارڈز) میں شمولیت کے لیے کچھ ”متوقع ممالک“ دلچسپی رکھتے ہیں، تاہم انہوں نے ان کے نام نہیں بتائے۔ انہوں نے رواں ماہ کے اوائل میں اسرائیل اور مراکش کے سفیروں کے تبادلے کے فیصلے کا خیرمقدم بھی کیا۔
عراق سے متعلق بات کرتے ہوئے والٹز نے ایرانی پشت پناہی حاصل ملیشیاؤں کو ریاست کے کنٹرول میں لانے کی وزیر اعظم علی الزیدی کی کوششوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کی کمزور ہوتی پوزیشن عراق میں ایسے گروہوں کا اثر و رسوخ کم کرنے کا موقع فراہم کر سکتی ہے۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکی انتظامیہ ایران کے ساتھ سفارتی روابط کو غزہ اور ایرانی پشت پناہی حاصل مسلح گروہوں کے کردار سمیت وسیع تر علاقائی معاملات سے جوڑ رہی ہے۔





