مسقط: پاکستان کے رانا عرفان نے ورلڈ کپ آف اسنوکر کے فائنل میں ہم وطن اور سابق عالمی چیمپئن محمد آصف کو 0-5 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
عمان کے دارالحکومت مسقط میں جمعرات کو کھیلے گئے آل پاکستان فائنل میں رانا عرفان نے پہلے فریم سے ہی مقابلے پر گرفت مضبوط رکھی، اور محمد آصف کو ایک بھی فریم جیتنے نہیں دیا۔
انہوں نے پہلا فریم 56 کے بریک کی مدد سے 46-96 سے جیتا، جس کے بعد دوسرا فریم 48-67 سے جیت کر برتری دگنی کر لی۔ تیسرا فریم انہوں نے 1-61 سے جیتا، جبکہ چوتھے فریم میں 68 کا بریک کھیلتے ہوئے 12-91 سے کامیابی حاصل کی۔ رانا عرفان نے پانچواں فریم 6-69 سے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ایونٹ میں پاکستانی کیوئسٹس کی مجموعی کارکردگی بھی نمایاں رہی۔ ایونٹ میں شریک چاروں پاکستانی کھلاڑی محمد آصف، رانا عرفان، اسجد اقبال اور مبشر رضا کوارٹر فائنل تک پہنچے تھے۔
سیمی فائنل میں پہنچنے والے چار میں سے تین کھلاڑی پاکستانی تھے، جبکہ رانا عرفان اور محمد آصف نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر کے ٹائٹل پاکستان کے نام ہونا یقینی بنا دیا تھا۔





