پشاور: پشاور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پر حملے کے مقدمے میں لاپتہ ملزمان کے بارے میں آئی جی خیبر پختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
سماعت کے دوران ملزمان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ پی ٹی آئی رہنماؤں سہیل آفریدی اور عامر چمکنی کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی نہ کی جائے، کیونکہ وہ حفاظتی تحویل میں ہیں، اور یہ خبر میڈیا میں بھی آ چکی ہے۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دیگر تین ملزمان کامران بنگش، تیمور سلیم جھگڑا اور عرفان سلیم کو ضمانت کے باوجود تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے وکیل نے اس درخواست کو بے بنیاد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ درخواست دینے والے وکیل کے پاس سہیل آفریدی اور عامر چمکنی کا وکالت نامہ ہی موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کے لاپتہ ہونے پر پشاور ہائیکورٹ اور آئینی عدالت میں درخواستیں زیرِ سماعت ہیں، لیکن ان میں اب تک گرفتاری سے متعلق کوئی رپورٹ جمع نہیں کرائی گئی، اس لیے یہ کہنا درست نہیں کہ وہ حفاظتی تحویل میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اور اخباری بیانات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ بہتر ہوگا آئی جی سے رپورٹ طلب کی جائے کہ ملزمان کہاں ہیں، جس پر ریڈیو پاکستان کے وکیل نے بھی اتفاق کیا۔ عدالت نے آئی جی خیبر پختونخوا سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔





