پشاور: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ترجمان اسلم غوری نے سرگودھا جلسے سے قبل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق پنجاب پولیس نے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، امیر پنجاب مولانا امجد خان اور مرکزی صدر جے ٹی آئی ملک اویس کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ پارٹی کے دیگر عہدیداروں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
اسلم غوری نے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور گرفتار رہنماؤں و کارکنوں کو فوری رہا کرے، بصورت دیگر پیدا ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ملک میں مارشل لا نافذ ہو چکا ہے اور سیاسی اجتماعات پر پابندیاں کیوں لگائی جا رہی ہیں؟
ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ مریم نواز خود جلسے اور جلوس کر رہی ہیں تو کیا اپوزیشن جماعتوں کو بھی سیاسی اجتماعات کا حق حاصل نہیں؟ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کرنے کو ہماری کمزوری سمجھا جا رہا ہے۔
اسلم غوری نے مزید کہا کہ ہائبرڈ نظام کی جمہوریت کا چہرہ عیاں ہو گیا ہے، جبکہ بغیر وارنٹ گرفتاریاں جمہوری نظام کے منہ پر طمانچہ ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ مولانا عبدالغفور حیدری رکن قومی اسمبلی ہیں، کیا ان کی گرفتاری اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے کی گئی ہے؟ اسلم غوری نے خبردار کیا کہ مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔





