ملتان: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج جس معاشی بحران کا سامنا ہے، ایسے حالات انہوں نے اپنی زندگی میں نہیں دیکھے، اور پورا پاکستان ایک معاشی آفت سے گزر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حالات میں سسٹم کا ری سیٹ ضروری ہے، اور یہ ری سیٹ جمہوری انداز میں ہونا چاہیے۔
ملتان میں "میٹ دی پریس" سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ انہیں نظر آ رہا ہے کہ ملک کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا، کیونکہ عالمی سطح پر حالات میں جلد بہتری نظر نہیں آ رہی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں، مزدوروں اور محنت کشوں کو ان کی محنت کا صلہ نہیں دیا جا رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان پریشان ہیں، ڈگریاں لے کر پھر رہے ہیں لیکن انہیں روزگار نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم کو اس قابل بنانا ہوگا کہ وہ ان حالات کا مقابلہ کر سکے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اگر پارلیمان کو فعال کرنا ہے تو فیصلے بھی پارلیمان میں کیے جائیں، کیونکہ پارلیمان سے باہر ہونے والے فیصلے حتمی نہیں ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام پر معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے کام کریں، اور ایسے اقدامات کریں جن سے ملک میں استحکام آئے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدان کا کام عوام سے سچ بولنا اور انہیں حقائق بتانا ہوتا ہے۔
بلاول بھٹو نے میڈیا سے متعلق کہا کہ وہ میڈیا کو اس کی طاقت واپس دلوانا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں صحافی اپنے قلم سے حکومتیں گراتے اور بناتے تھے۔





