لاہور: پنجاب کے وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی نئی صنعتی پالیسی کے تحت صنعتی یونٹس کے قیام کے لیے 30 سے 50 سال کی لیز پر پلاٹ حاصل کیے جا سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ برآمدات کے فروغ اور صنعتی ترقی کے پروگرام کے تحت 10 کروڑ روپے تک بلاسود، اور ایک ارب روپے تک آسان قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے یہ بات وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 51ویں اجلاس سے خطاب میں کہی۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت چوہدری شافع حسین اور بورڈ کے چیئرمین نے کی، اور 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ نئی صنعتی پالیسی صوبے میں صنعتی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چین کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر عملدرآمد کے لیے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔
اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے آفس آف انٹرنیشنل کوآرڈینیشن اینڈ کوآپریشن کا کردار مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا، اور یہ دفتر اور سرمایہ کاری بورڈ مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ تعیناتیوں اور تقرریوں کے لیے دونوں اداروں کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جس کی سفارشات پر نئی تقرریاں ہوں گی۔
بورڈ نے آڈٹ کمیٹی کی سفارشات پر دبئی ایکسپو 2020 سے متعلق اخراجات کے آڈٹ شدہ اکاؤنٹس، اور مالی سال 2024-25 کے لیے بیرونی آڈیٹرز کی تقرری کی منظوری دی۔ اجلاس میں افسران کی ترقی اور تعیناتیوں سے متعلق سفارشات اور ڈیپوٹیشن پالیسی کی بھی توثیق کی گئی۔
بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ بورڈ کو حقیقی معنوں میں صنعتکاروں کا سہولت کار ادارہ بنایا جائے گا۔





