اسلام آباد: حکومتی اقدامات اور گندم کی درآمد کے باوجود ملک میں آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، اور 20 کلو آٹے کے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 3 ہزار 800 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق ملک میں سب سے مہنگا آٹا حیدرآباد میں فروخت ہو رہا ہے۔ پشاور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 750 روپے، اور راولپنڈی اور اسلام آباد میں 3 ہزار 733 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ کراچی، بنوں اور کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3 ہزار 600 روپے ہے۔
دستاویز کے مطابق لاڑکانہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار 560 روپے، جبکہ گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور لاہور میں 3 ہزار 533 روپے تک پہنچ گیا ہے۔





