پشاور: خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی اندرونی اختلافات ایک بار پھر کھل کر سامنے آنے لگے ہیں، جہاں وزارتِ اعلیٰ کے ممکنہ امیدواروں اور پارٹی کے اندر مختلف دھڑوں کی سرگرمیوں نے سیاسی صورتحال کو دلچسپ بنا دیا ہے۔ صوبائی اسمبلی میں تحریک انصاف کے چار الگ الگ گروپ بننے کی اطلاعات ہیں، جن میں علی امین گنڈاپور، عاطف خان، مینا خان اور معزول وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حامی شامل ہیں خیبرپختونخوا اسمبلی مجموعی طور پر 145 ارکان پر مشتمل ہے، جن میں تحریک انصاف کے 92 ارکان موجود ہیں۔ تاہم پارٹی کے اندر وزارتِ اعلیٰ کے معاملے پر اختلافات اور گروپ بندی کے باعث یہ سوال اہمیت اختیار کرگیا ہے کہ اگلا وزیراعلیٰ کون ہوگا اور پارٹی قیادت کس امیدوار پر اتفاق کرے گی؟
سیاسی حلقوں میں جاری جوڑ توڑ کے مطابق تحریک انصاف کے اندر تقریباً 73 ارکان کی حمایت فیصلہ کن سمجھی جارہی ہے۔ یہی ارکان وزارتِ اعلیٰ کے انتخاب اور پارٹی کے آئندہ سیاسی لائحہ عمل میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور ایک مرتبہ پھر وزارتِ اعلیٰ کے حصول کے لیے کوششیں کررہے ہیں، تاہم ان کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ماضی کا فیصلہ بن سکتا ہے، کیونکہ انہیں بانی تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پر وزارتِ اعلیٰ کے منصب سے ہٹایا گیا تھا۔ ایسے میں دوبارہ انہیں یہ ذمہ داری سونپنے کے لیے پارٹی قیادت کی منظوری بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔اگر علی امین گنڈاپور دوبارہ وزیراعلیٰ نہیں بنتے تو ان کے گروپ کی جانب سے سابق صوبائی وزیر صحت قاسم علی شاہ کا نام بھی ممکنہ امیدوار کے طور پر سامنے آسکتا ہے۔ اس طرح علی امین گنڈاپور کی اپنی سیاسی واپسی کے ساتھ ان کے گروپ کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ بھی اہم ہوگا۔
دوسری جانب موجودہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا سیاسی مستقبل بھی فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ پارٹی کے اندر جاری مشاورت اور مبینہ مذاکرات میں سہیل آفریدی کو وزارتِ اعلیٰ سے ہٹانے کی شرط بھی سامنے آنے کی اطلاعات ہیں۔ اگر ایسا کوئی فیصلہ ہوتا ہے تو اس سے نہ صرف صوبائی حکومت بلکہ تحریک انصاف کی اندرونی سیاست پر بھی گہرے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔سہیل آفریدی کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ تحریک انصاف کے لیے ایک مشکل سیاسی امتحان ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ ایک طرف موجودہ وزیراعلیٰ کے حامیوں کو مطمئن کرنا ہوگا تو دوسری طرف پارٹی کے دیگر دھڑوں کو بھی ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔ تاہم اگر یہ فیصلہ براہِ راست عمران خان کی جانب سے سامنے آتا ہے تو پارٹی کارکنوں اور حامیوں کے لیے اسے قبول کرنا نسبتاً آسان ہوسکتا ہے۔
اس پوری صورتحال میں عاطف خان اور مینا خان سے وابستہ گروپوں کا کردار بھی غیر معمولی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ یہ گروپ وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار کے انتخاب میں کس کی حمایت کرتے ہیں، اس کا اثر پارٹی کے اندر طاقت کے توازن پر پڑسکتا ہے۔تحریک انصاف کے لیے اصل چیلنج صرف نیا وزیراعلیٰ منتخب کرنا نہیں بلکہ اپنی پارلیمانی صفوں میں اتحاد برقرار رکھنا بھی ہے۔ اگر چاروں گروپ کسی ایک امیدوار پر متفق نہ ہوسکے تو اندرونی اختلافات مزید شدت اختیار کرسکتے ہیں، جس سے صوبائی حکومت کی کارکردگی اور سیاسی استحکام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اب تمام نظریں بانی تحریک انصاف عمران خان کے ممکنہ فیصلے پر لگی ہیں۔ کیا علی امین گنڈاپور دوبارہ وزارتِ اعلیٰ حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے، کیا سہیل آفریدی کو برقرار رکھا جائے گا، یا تحریک انصاف کسی تیسرے امیدوار کے نام پر اتفاق کرے گی خیبرپختونخوا کی سیاست میں آئندہ چند روز ان سوالات کے جواب اور پارٹی کے اندر طاقت کے نئے توازن کا تعین کرسکتے ہیں۔





