لاہور: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں بہنوں کی رہائی عمل میں آ گئی ہے، تاہم حکام کی جانب سے رہائی کی وجوہات کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو 21 ستمبر کو حراست میں لیا گیا تھا۔ اس وقت خیبرپختونخوا کے معزول وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی سمیت دیگر مطالبات کے لیے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا تھا۔ اس سے ایک روز قبل، 20 ستمبر کو، عمران خان کی تیسری بہن علیمہ خان کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔
تینوں بہنوں کو پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کی دفعہ 3 (تھری ایم پی او) کے تحت ابتدائی طور پر 30 روز کے لیے نظربند کیا گیا تھا۔ اسی روز نظربندی کے احکامات لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کیے گئے، تاہم عدالت نے 4 روز بعد نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی تھی۔
بعد ازاں اہل خانہ کی رہائی کی درخواست پر سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے ہوم سیکریٹری کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا تھا کہ 7 اکتوبر کو تینوں خواتین کی نظربندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے عظمیٰ خان کے بیٹے نے سوشل میڈیا پر اپنی والدہ کی صحت کے حوالے سے تشویش ظاہر کرتے ہوئے ذاتی معالج سے ان کا معائنہ کرانے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے لانگ مارچ 4 اکتوبر تک ملتوی کر دیا تھا، اور مارچ کے آغاز کے ساتویں روز وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کر دی تھی۔





