اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے بانڈڈ ویئر ہاؤسز کے آڈٹ میں 24.4 ارب روپے کی ٹیکس بے ضابطگیاں سامنے آنے پر بلاامتیاز کارروائی، اور قانونی طریقہ کار کے تحت رقم کی وصولی کی ہدایت کی ہے۔
یہ ہدایت وزیراعظم ہاؤس میں ایف بی آر کے امور پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس میں دی گئی۔ وزیراعظم نے ہوائی اڈوں پر کسٹمز کلیئرنس اور امیگریشن سمیت دیگر کارروائیوں کو تیز کرنے، اور تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم جلد فعال کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بڑے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر اسمارٹ اسکیننگ سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، جس سے مسافروں کا سامان خودکار طریقے سے گرین اور ریڈ چینل میں تقسیم ہو سکے گا۔ اجلاس کو جدید کارگو ٹریکنگ سسٹم پر کام سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس کا مقصد سیلز ٹیکس گیپ اور اسمگلنگ پر قابو پانا ہے، اور اس کے تحت سامان کی ترسیل کو لوڈنگ سے ڈیلیوری تک ایک ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے منسلک کیا جائے گا۔ اس نظام پر عمل درآمد کے لیے صوبائی نمائندگی پر مشتمل اسٹیئرنگ کمیٹی بھی بنائی جا رہی ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ دریائے سندھ کے پلوں پر کام کرنے والے انفورسمنٹ یونٹ "انڈس کلکٹریٹ" نے اب تک 302 کارروائیوں میں ایک ارب 85 کروڑ روپے مالیت کی غیر قانونی اشیا ضبط کی ہیں۔ سیلز ٹیکس کی وصولی بہتر بنانے کے لیے کراچی، لاہور، اسلام آباد اور ملتان کے لارج ٹیکس پیئر یونٹس میں الگ سیلز ٹیکس زونز بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں ایف بی آر کے آئی ٹی ونگ "پرال" میں ڈیٹا کے تحفظ کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کراچی کی کورنگی انڈسٹریل اسٹیٹ میں اپنا دفتر قائم کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ چیئرمین ایف بی آر کی تاجروں اور صنعت کاروں سے حالیہ ملاقاتوں کے تجارت، برآمدات اور سرمایہ کاری پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔





