اپوہ: سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان ہفتہ 28 نومبر کو کانسی کے تمغے کے لیے جنوبی کوریا کا مقابلہ کرے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے کھیلا جائے گا۔
پاکستان نے لیگ مرحلے کے 5 میچوں میں 3 فتوحات، ایک ڈرا اور ایک شکست کے ساتھ 10 پوائنٹس حاصل کیے، تاہم کم گول اوسط کی وجہ سے فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکا۔ میزبان ملائیشیا کے بھی 10 پوائنٹس تھے، لیکن ملائیشیا کا گول اوسط 9 اور پاکستان کا 6 رہا۔ جمعرات کو کھیلے گئے آخری لیگ میچ میں پاکستان اور ملائیشیا کا مقابلہ 5-5 گول سے برابر رہا تھا۔
ایونٹ کا فائنل ناقابلِ شکست آسٹریلیا اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا نے لیگ مرحلے کے تمام 5 میچ جیت کر 15 پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ کوریا 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔
پاکستان نے ایونٹ میں کینیڈا کو 1-5، امریکا کو 1-5 اور کوریا کو 2-3 سے شکست دی، جبکہ اسے آسٹریلیا کے خلاف 5-2 سے شکست ہوئی تھی۔ لیگ مرحلے میں پاکستان اور کوریا کے میچ میں حنان شاہد نے 2، اور رانا وحید اشرف نے ایک گول کیا تھا۔





