اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں چین کے سفیر کی ملاقات میں ایل پی جی پلانٹ سمیت توانائی کے مختلف منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے، اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ملاقات میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ کمرشل ٹیم بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ دونوں جانب سے پیٹرول کی درآمد، ذخیرہ اور ترسیل سے متعلق لاجسٹکس میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری بات چیت کو عملی منصوبوں، سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی میں تبدیل کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان باہمی تعاون کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں بدلنے کے لیے پُرعزم ہے۔
چینی سفیر نے توانائی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے، اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔





