اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے نظام کی بہتری کے لیے 25 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق اس قرض سے پاکستان میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، اور حکومت کو سرمایہ کاری کے قابل اور پائیدار ترقیاتی منصوبے تیار کرنے میں مدد ملے گی۔ بینک کا کہنا ہے کہ اس سے معیاری اور کم لاگت انفرااسٹرکچر منصوبوں کی تیاری میں بھی معاونت ہوگی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق پروگرام کے تحت وفاقی سطح پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری کے شعبوں کو یکجا کیا جائے گا، اور چار وفاقی وزارتوں اور اداروں میں خصوصی پی پی پی یونٹس قائم کیے جائیں گے۔ 2026 سے 2030 تک کے لیے درمیانی مدت کی سرمایہ کاری پائپ لائن کی منظوری بھی دی جائے گی۔ بینک کا کہنا ہے کہ منصوبوں کی شفاف جانچ اور مالیاتی خطرات کا بہتر انتظام ضروری ہے۔





