پاکستان چین کو گدھوں اور ان سے حاصل ہونے والی مصنوعات برآمد کرنے والے نئے ممالک میں شامل ہوگیا ہے، جہاں روایتی چینی ادویات میں استعمال ہونے والی گدھے کی کھال کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔
بلومبرگ کے مطابق پاکستان میں گدھوں کی تعداد 60 لاکھ سے زائد ہے، جبکہ چین میں مقامی تعداد کم ہونے کے باعث بیرون ملک سے سپلائی حاصل کی جا رہی ہے۔
گدھے کی کھال سے ای جیاو تیار کیا جاتا ہے، جو روایتی چینی ادویات میں استعمال ہونے والی کولیجن سے بھرپور جیلیٹن ہے۔ 2021 میں چین کی ای جیاو مارکیٹ کی مالیت تقریباً 7.8 ارب ڈالر تھی۔
پاکستان اور چین نے اکتوبر 2024 میں گدھے کے گوشت اور کھال کی برآمد کے لیے قرنطینہ سے متعلق شرائط پر مشتمل پروٹوکول پر دستخط کیے تھے۔
مئی 2026 میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گوادر نارتھ فری زون سے گدھے کے گوشت کی برآمد کی منظوری دی۔ اس کے بعد چینی کمپنی ہینگینگ گروپ نے گوادر میں مذبح خانہ قائم کرکے چین کو برآمدات شروع کر دیں۔
کمپنی سالانہ 2 لاکھ 16 ہزار گدھوں کی پروسیسنگ کی صلاحیت حاصل کرنے اور روزانہ 800 گدھوں کو ذبح کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ہینگینگ گروپ نے پاکستان میں گزشتہ چھ برسوں کے دوران تقریباً 5 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور تقریباً 500 مقامی افراد کو روزگار فراہم کیا ہے۔
جولائی 2026 میں پاکستان اور چین نے سالانہ 2 لاکھ گدھوں، جن میں گوشت، ہڈیاں اور کھال شامل ہیں، کی برآمد کا ہدف مقرر کیا۔ اندازے کے مطابق اس برآمد سے سالانہ 37 کروڑ 50 لاکھ سے 40 کروڑ ڈالر تک زرمبادلہ حاصل ہوسکتا ہے۔





