کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ آئین کے تحت صوبائی حدود میں تبدیلی متعلقہ صوبائی اسمبلی کی منظوری کے بغیر نہیں ہو سکتی، اور ان کے خیال میں ریفرنڈم پیسوں کا ضیاع ہے جس کا کوئی مقصد نہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آپ ایسی چیز پر کروڑوں روپے خرچ کرنا چاہتے ہیں جس کے بعد بھی آپ کو آئینی طریقہ ہی اپنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو چیز آئین میں واضح طور پر موجود ہے، اس پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت نے پہلے ہی دن اپنا نقطۂ نظر دے دیا تھا، اور وہ ہر صوبے کے لیے ایک ہی مؤقف رکھتے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پُرامن احتجاج سیاسی جماعتوں کا آئینی حق ہے، اور صوبائی حکومت امن و امان سے متعلق اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک وفد تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقات کرے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اگر ان کی حکومت نے کام نہیں کیا تو انتخابات میں عوام ہی ان کا فیصلہ کریں گے۔





