اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صحت اور تعلیم سب کے لیے یکساں ہونی چاہیے، اور ادویات کی قیمتیں عام آدمی کی دسترس میں لانا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "محفوظ دوا" ایپ سے ادویات کی اصلیت، قیمت اور دستیابی کی معلومات عام شہریوں تک پہنچانا ممکن ہوگا۔
وزارت قومی صحت کی "محفوظ دوا" ایپلیکیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جعلی ادویات سے تقریباً 100 مریضوں کی اموات کا واقعہ آج بھی یاد ہے۔ ان کے مطابق یہ واقعہ 2010-11 میں پیش آیا تھا، اور اس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ادویات کے نمونے لندن، جنیوا اور پیرس کی لیبارٹریوں میں بھجوائے گئے، جہاں سے رپورٹ آئی کہ مریضوں کو دل کی نہیں بلکہ ملیریا کی دوا دی جا رہی تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ماضی کے ایسے واقعات سے سبق حاصل کر کے عوامی خدمت کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے ایپ کی تیاری پر متعلقہ ٹیم اور دوا ساز صنعت کو مبارکباد دی، اور وزارتِ اطلاعات کے تعاون سے ایپ کی آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں بہت سے خاندانوں کے لیے ادویات کا حصول بڑا چیلنج ہے۔ اشرافیہ مہنگے اسپتالوں میں علاج کرا سکتی ہے، لیکن غریب خاندانوں کے لیے علاج اور ادویات کا خرچ برداشت کرنا مشکل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق عام آدمی کو معیاری علاج فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
جعلی ادویات کی شناخت ممکن ہوگی، مصطفیٰ کمال
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ایپ کا بنیادی مقصد انسانی جانوں کو جعلی ادویات سے محفوظ رکھنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایپ کا سافٹ ویئر تقریباً 3 ماہ میں تیار کیا گیا۔ ان کے مطابق اصل مرحلہ دوا ساز صنعت کو اعتماد میں لینا اور پیداواری نظام میں سرمایہ کاری پر قائل کرنا تھا، اور اس مقصد کے لیے قانون سازی بھی کی گئی تاکہ کمپنیاں مقررہ مدت میں نظام کا حصہ بننے کی پابند ہوں۔
مصطفیٰ کمال کے مطابق دوا ساز صنعت نے ملک میں تیار ہونے والی 92 ہزار سے زائد ادویات کا ڈیٹا حکومت سے شیئر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت کسی دوا میں خرابی سامنے آنے پر متعلقہ کمپنی، پیداواری مشین اور دوا کی تیاری کے وقت تک رسائی ممکن ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری موبائل اسکرین پر سبز یا سرخ رنگ دیکھ کر دوا کی اصلیت جان سکیں گے، تاکہ کم پڑھے لکھے افراد بھی آسانی سے سمجھ سکیں۔
وفاقی وزیر صحت نے منصوبے کی تیاری میں وزارتِ آئی ٹی، وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ اور دوا ساز صنعت کے تعاون کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس نظام میں مزید سہولتیں شامل کرے گی۔





