فیصل آباد: قومی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں مومنہ ریاست کی عمدہ بولنگ اور فاطمہ ثنا کی ناقابل شکست نصف سنچری نے اسٹارز اور اسٹرائیکرز کو کامیابی دلائی۔
جواد کلب میں کھیلے گئے ساتویں میچ میں بائیں ہاتھ کی اسپنر مومنہ نے تین اوورز میں صرف ایک رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے دو اوورز میڈن رہے۔
اسٹارز کے 111 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انونسبلز کی ٹیم 14 اوورز میں 62 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ڈیانا بیگ نے 15 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ اسٹارز نے میچ 48 رنز سے جیت لیا۔
انونسبلز کی جانب سے سمیعہ افسر نے 18 رنز بنائے۔ سیدہ عروب شاہ اور طیبہ امداد نے 16، 16 رنز کی اننگز کھیلیں۔
اس سے قبل اسٹارز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں پر 110 رنز بنائے۔ ثمینہ آفتاب نے 38، صدف شمس نے 28 اور مناہل رفیق نے 26 رنز اسکور کیے۔
انوشہ ناصر نے 14 رنز دے کر چار اور تسمیہ رباب نے 19 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ مومنہ کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
بوہڑانوالی گراؤنڈ میں آٹھویں میچ کے دوران اسٹرائیکرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آٹھ وکٹوں پر 160 رنز بنائے۔ فاطمہ ثنا نے 48 گیندوں پر ناقابل شکست 73 رنز بنائے، جن میں نو چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ حورینہ سجاد نے 30 رنز کا اضافہ کیا۔
کانکررز کی حمنہ بلال نے 19 رنز دے کر تین اور نورین یعقوب نے 30 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں کانکررز کی ٹیم 19.5 اوورز میں 103 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ سیدہ معصومہ زہرا نے 18 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ نورین نے 25 رنز بنائے، جبکہ فاطمہ کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔





