کابل: افغانستان کے مشرقی صوبے کنڑ میں ایک اسکول کے قریب دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 6 طلبہ جاں بحق اور 97 زخمی ہو گئے ہیں۔
کنڑ کے صوبائی محکمہ اطلاعات و ثقافت کے مطابق دھماکا ہفتے کی صبح تقریباً 10 بجے اندر سر کے علاقے میں ایک مڈل اسکول سے متصل مکان میں ہوا۔ محکمے کے مطابق یہ مکان کان کنی سے وابستہ افراد کا تھا، جنہوں نے وہاں ڈائنامائٹ سمیت بارودی مواد ذخیرہ کر رکھا تھا۔
صوبائی اسپتال کی انتظامیہ کے مطابق ہلاکتوں اور زخمیوں کے اعداد و شمار ابتدائی ہیں، اور ان میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔ حکام نے عمارت کو پہنچنے والے نقصان سمیت واقعے کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
دھماکے کے بعد صوبائی تحقیقاتی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔





