سرگودھا: پنجاب کے مختلف مقامات سے سرگودھا آنے والے راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے ہیں۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ذرائع کے مطابق فاطمہ جناح روڈ پر قائم کانفرنس کا پنڈال بھی انتظامیہ نے بند کرا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے میانوالی سرگودھا روڈ کو چک قدرت آباد کے قریب، اور جہلم پر قائم خوشاب پل کو بھی بند کر دیا ہے۔ لاہور کی پارک ویو سوسائٹی کے راستے بھی بند کیے گئے ہیں، جہاں جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان مقیم ہیں۔
جے یو آئی ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے پنجاب کے ناظم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ جماعت نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں جے یو آئی کے ضلعی امیر کو صبح 9 بجے سے ان کے دفتر میں محصور رکھا گیا ہے، اور انہیں ضروری ادویات تک رسائی نہیں دی جا رہی۔ جماعت نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی اور ادویات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
انتظامیہ یا پولیس کی جانب سے راستوں کی بندش اور گرفتاریوں پر تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں آج سی سی پی او لاہور نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو گرفتار یا نظربند نہیں کیا گیا، اور نہ ہی وہ پولیس کو مطلوب ہیں۔





