مسقط: عمان کے دارالحکومت مسقط میں جاری ورلڈ کپ اسنوکر کے مینز سنگلز ایونٹ میں پاکستانی کیوئسٹس نے سیمی فائنل کی چار میں سے تین نشستیں حاصل کر لی ہیں، جس کے بعد فائنل میں پاکستان کی نمائندگی یقینی ہو گئی ہے۔
پہلے کوارٹر فائنل میں تجربہ کار کیوئسٹ محمد آصف نے انگلینڈ کے ہاروی چینڈلر کو چار ایک سے شکست دی۔ محمد آصف نے پہلے تینوں فریمز جیتے۔ انگلش کھلاڑی نے چوتھے فریم میں 99 کا بریک کھیل کر واپسی کی کوشش کی، تاہم محمد آصف نے پانچواں فریم جیت کر میچ اپنے نام کر لیا۔
دوسرے کوارٹر فائنل میں دو پاکستانی کھلاڑی آمنے سامنے تھے، جہاں رانا عرفان نے مبشر رضا کو چار ایک سے ہرایا۔ مبشر رضا نے پہلا فریم جیتا، لیکن اس کے بعد رانا عرفان نے لگاتار چار فریمز جیت لیے، جن میں تیسرے فریم میں 105 کا سنچری بریک اور پانچویں فریم میں 77 کا بریک شامل تھا۔
تیسرے کوارٹر فائنل میں اسجد اقبال نے ایران کے عامر سرکوش کے خلاف پہلے دو فریمز ہارنے کے بعد واپسی کی، اور لگاتار چار فریمز جیت کر مقابلہ چار دو سے اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے آخری دو فریمز میں 83 اور 88 کے بریکس کھیلے۔
ایونٹ کے سیمی فائنل اور فائنل آج کھیلے جائیں گے۔ تین پاکستانی کھلاڑیوں کی موجودگی میں فائنل میں دو پاکستانی کیوئسٹس کے آمنے سامنے آنے کا امکان بھی ہے۔





