لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورۂ ویسٹ انڈیز کے لیے 15 رکنی ویمنز اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جس میں آل راؤنڈر فاطمہ ثنا کی بطور کپتان واپسی ہوئی ہے۔
پی سی بی کے مطابق پاکستان ویمنز ٹیم دورے میں تین ٹی 20 انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ ٹی 20 میچز 8، 10 اور 12 دسمبر، جبکہ ون ڈے میچز 15، 17 اور 20 دسمبر کو ہوں گے۔ تمام میچز روسو کے ونڈسر پارک میں کھیلے جائیں گے۔
ون ڈے سیریز آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ 2025-29 کا حصہ ہے، جس میں پاکستان اس وقت نو میچوں میں پانچ فتوحات کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔ فاطمہ ثنا ویمنز بگ بیش لیگ میں مصروفیت کے باعث حال ہی میں ہونے والی آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے اسکواڈ کا حصہ نہیں تھیں۔ دورے کے دوران شین ڈیٹز ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، مومنہ ریاست، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرہ سندھو، صدف شمس، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن، ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔





