کراچی: پاکستانی فلمی اداکار معمر رانا نے اپنی اہلیہ مہناز پرویز سے مبینہ علیحدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق عدالتی دستاویزات پر دستخط کرچکے ہیں، تاہم وہ نہیں چاہتے کہ ان کا رشتہ ختم ہو۔
تقریباً تین دہائیوں سے شادی کے بندھن میں بندھے معمر رانا نے کہا کہ قانونی کارروائی کے باوجود انہیں اب بھی اپنی اہلیہ سے صلح اور ازدواجی تعلقات کی بحالی کی امید ہے۔
اداکار نے اپنے خاندان کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ وہ آج بھی اپنی اہلیہ اور بیٹیوں سے محبت کرتے ہیں۔
معمر رانا نے عدالتی دستاویزات پر دستخط کرنے کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ آیا ان کی علیحدگی قانونی طور پر حتمی شکل اختیار کرچکی ہے یا نہیں۔ اس سلسلے میں قانونی کارروائی کی مزید تفصیلات بھی سامنے نہیں آئی ہیں۔
معمر رانا 1990 کی دہائی سے پاکستان کی فلمی صنعت سے وابستہ ہیں اور انہوں نے ’چوڑیاں‘، ’یہ دل آپ کا ہوا‘، ’کوئی تجھ سا کہاں‘ اور ’سکندر‘ سمیت متعدد فلموں میں اداکاری سے شہرت حاصل کی۔
انہوں نے پاکستانی فلموں میں کام جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ ٹیلی ویژن ڈراموں میں بھی اداکاری کی، جن میں ’دل، دیا، دہلیز‘ شامل ہے۔
معمر رانا عموماً اپنی نجی اور خاندانی زندگی کو عوامی توجہ سے دور رکھتے آئے ہیں، تاہم اہلیہ سے مبینہ علیحدگی کے بارے میں ان کے حالیہ بیانات ان کے سابقہ طرزِ عمل سے مختلف ہیں۔
دوسری جانب، دستیاب معلومات کے مطابق مہناز پرویز کی جانب سے مبینہ علیحدگی کے معاملے پر تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔





