اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کے لیے غیر مشروط اہمیت رکھتا ہے اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔
انڈیپنڈنٹ عربیہ کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے حرمین شریفین کی سلامتی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے جو بھی مدد درکار ہے، وہ فراہم کی جارہی ہے اور آئندہ بھی فراہم کی جائے گی۔
فوجی ترجمان کا بیان سعودی عرب پر جاری حوثی حملوں اور خطے میں تنازع پھیلنے کے خدشات کے دوران سامنے آیا ہے۔
احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مذاکرات ناکام ہونے اور جنگ چھڑنے کی صورت میں مکہ معاہدے کے تحت اجتماعی دفاعی صلاحیت بروئے کار آئے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مملکت پر حملوں کا جواب معاہدے میں شامل ممالک مشترکہ طور پر دیں گے۔
انڈیپنڈنٹ عربیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو ضروری فوجی معاونت فراہم کررہا ہے اور تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔
یمنی حکومت کو براہ راست فوجی مدد دینے کے امکان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں علم نہیں کہ پاکستان کو کوئی باضابطہ درخواست موصول ہوئی ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو کوئی درخواست دی گئی تو اس کا جائزہ لے کر مناسب فیصلہ کیا جائے گا۔
ان کے بیان میں سعودی عرب کی سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم اور یمنی حکومت کی کسی ممکنہ درخواست پر فیصلے کو الگ معاملات کے طور پر پیش کیا گیا۔





