شنگھائی: یو سی آئی ٹریک ورلڈ چیمپئن شپ میں جمعہ 16 اکتوبر کو خواتین کی اومنیئم ریس کے دوران 13 سائیکلسٹس کے گرنے سے نیدرلینڈز کی دفاعی چیمپئن لورینا ویبز کا اعزاز برقرار رکھنے کا سفر ختم ہوگیا۔
حادثہ شنگھائی ویلوڈروم میں اسکریچ ریس کے دوران پیش آیا، جو اومنیئم کے چار مقابلوں میں پہلا مرحلہ ہے۔ ریس میں شریک 24 میں سے نصف سے زیادہ سائیکلسٹس حادثے کی زد میں آئیں۔
سائیکلنگ نیوز کے مطابق ریس کی چار لیپس باقی تھیں اور ویبز اگلی صفوں میں موجود تھیں۔ دیگر سائیکلسٹس کے درمیان جگہ تنگ ہونے پر وہ توازن کھو بیٹھیں، جس کے بعد پیچھے آنے والی متعدد کھلاڑی بھی گر گئیں۔ سائیکلسٹس اور ان کی سائیکلیں ڈھلوان ٹریک کے نچلے حصے کی جانب پھسل گئیں۔
ویلو کے مطابق طبی عملے نے متاثرہ کھلاڑیوں کو امداد فراہم کی اور تقریباً 15 منٹ بعد اسکریچ ریس دوبارہ شروع ہوئی۔ دیگر متاثرہ سائیکلسٹس مقابلہ جاری رکھنے میں کامیاب رہیں، تاہم ویبز کو دستبردار ہونا پڑا۔
ڈچ نشریاتی ادارے این او ایس سے گفتگو میں ویبز نے کہا کہ ان کے گھٹنے چھل گئے ہیں اور پسلیوں اور کندھے میں درد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کوئی ہڈی نہیں ٹوٹی اور حادثے کی شدت کے مقابلے میں نقصان کم رہا۔
حادثے کے بعد ہفتے کو ہونے والی میڈیسن ریس میں ان کی شرکت بھی غیر یقینی تھی۔
ویبز اس سے قبل اسی چیمپئن شپ میں خواتین کی الگ اسکریچ ریس کا عالمی اعزاز جیت چکی تھیں۔ اسکریچ ریس اومنیئم کا حصہ بھی ہوتی ہے، تاہم اس کے الگ مقابلے کا عالمی اعزاز علیحدہ دیا جاتا ہے۔
خواتین کی اومنیئم کا اعزاز بالآخر برطانیہ کی اینا مورس نے جیتا۔ شنگھائی کے چونگ منگ جزیرے میں 14 سے 18 اکتوبر تک جاری چیمپئن شپ میں مردوں اور خواتین کے 11، 11 عالمی اعزازات کے لیے مقابلے ہو رہے ہیں۔





