راولپنڈی: پاکستان نے سری لنکا کو دوسرے ٹی20 میچ میں شکست دیکر تین میچز کی سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں گرین شرٹس نے لنکن ٹائیگرز کو 82 رنز کے بھاری مارجن سے ہرایا، سری لنکا کی جانب سے کوئی بھی بلےباز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہوسکا، اوپنر سینتھ جے وردنا 22، کامندو مینڈس 23، چامنڈو وکرماسنگھے 29 اور مہیش تھیکشنا نے ناقابل شکست 32 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عمران نے 11 رنز دیکر 3، سلمان مرزا نے 2 جبکہ صائم ایوب اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز بنائے تھے، کپتان صاحبزاد فرحان نے اپنے حریف کا فیصلہ غلط ثابت کرتے ہوئے محض 44 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی اور فخر زمان 22 رنز بناسکے تھے۔
مڈل آرڈر بیٹر معاذ صداقت نے جارحانہ انداز اپنایا اور 96 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 7 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے، حسن نواز 19 رنز بناکر نمایاں رہے۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے لنکن ٹائیگرز کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔





