اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار 19 اور 20 اکتوبر کو تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہان حکومت کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے، دفتر خارجہ نے پیر کو بتایا۔
اسحاق ڈار تاجک وزیراعظم قاہر رسول زادہ کی دعوت پر دورہ کررہے ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق بیلاروس، چین، قازقستان، کرغزستان، روس، تاجکستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم اجلاس میں اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔ ایران کے نائب صدر اور بھارت کے وزیر خارجہ بھی شریک ہوں گے۔
سربراہان حکومت کی کونسل شنگھائی تعاون تنظیم کا فیصلہ سازی کا دوسرا اعلیٰ ترین ادارہ ہے۔ یہ اقتصادی، مالیاتی، تجارتی، علاقائی روابط اور سماجی ترقی کے شعبوں میں تعاون کی رہنمائی کرتا ہے، جبکہ تنظیم کے بجٹ سے متعلق امور بھی اس کے دائرہ کار میں آتے ہیں۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار تاجکستان کے صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ اجلاس کے موقع پر رکن ممالک کے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی طے ہیں۔
یہ دورہ ایسے وقت ہورہا ہے جب پاکستان 2027 میں اسلام آباد میں تنظیم کی الگ سربراہان مملکت کونسل کے اجلاس کی میزبانی کی تیاری کررہا ہے۔
یکم اکتوبر کو اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں آئندہ سربراہی اجلاس کے انتظامات اور گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا تھا۔
انہوں نے اسے رکن ممالک سے روابط مضبوط بنانے اور مشترکہ علاقائی ترجیحات آگے بڑھانے کا موقع قرار دیتے ہوئے بروقت اور مربوط تیاریوں کی ہدایت کی تھی۔
جون میں اعلان کیا گیا تھا کہ پاکستان ستمبر میں سربراہان مملکت کونسل کی صدارت سنبھالے گا۔
پاکستان 2025 سے 2026 کے لیے تنظیم کے علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے کی صدارت بھی کررہا ہے۔
اس سے قبل پاکستان نے اکتوبر 2024 میں اسلام آباد میں سربراہان حکومت کونسل کے اجلاس کی میزبانی کی تھی۔





