راولپنڈی: راولپنڈی میں پاکستان آئل فیلڈز کی زیرِ زمین ہائی پریشر پائپ لائن سے خام تیل چوری کرنے کا ایک انوکھا منصوبہ پکڑا گیا ہے، جس میں مبینہ طور پر 181 فٹ طویل سرنگ کھود کر پائپ لائن کو ایک رہائشی مکان سے جوڑا گیا تھا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور مکان کے زیرِ زمین ٹینک سے 1431 لیٹر خام تیل برآمد کیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزمان نے پائپ لائن پر غیر قانونی کلیمپ لگا کر تقریباً 1100 بیرل خام تیل چوری کیا، جس کی مالیت سوا دو کروڑ روپے سے زائد ہے۔
پاکستان آئل فیلڈز زیرِ زمین ذخائر سے نکالا گیا خام تیل ہائی پریشر پائپ لائنوں کے ذریعے اٹک آئل ریفائنری راولپنڈی پہنچاتی ہے۔ کمپنی کو کچھ عرصے سے رنیال اور مورگاہ کے درمیان پائپ لائن سے تیل چوری ہونے کی اطلاعات مل رہی تھیں۔
ایف آئی آر کے مطابق 8 نومبر کو کمپنی کے عملے کو رنیال کے علاقے میں ایک مکان کے باہر خام تیل کی بو محسوس ہوئی، جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ تلاشی کے دوران کار پورچ میں کھڑی گاڑی کے نیچے بنے زیرِ زمین ٹینک سے تیل ملا۔ مزید کھدائی سے معلوم ہوا کہ قریبی خالی پلاٹ کے نیچے سے سرنگ کھود کر پائپ لائن کو مکان سے جوڑا گیا تھا۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان نے تقریباً ایک سال پہلے ریکی اور منصوبہ بندی کے بعد یہ مکان کرائے پر لیا تھا۔ سرنگ کی کھدائی میں 3 ماہ لگے۔ تیل رات کے وقت نکال کر ایک دو روز ذخیرہ کیا جاتا اور پھر گاڑیوں کے ذریعے منتقل کر دیا جاتا تھا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے پوچھ گچھ کے دوران بعض نجی پیٹرول پمپ مالکان اور دکانداروں کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ پائپ، کلیمپ اور دیگر آلات قبضے میں لے لیے گئے ہیں، اور مزید تفتیش جاری ہے۔





