مظفرگڑھ: مظفرگڑھ کی تحصیل سیت پور میں ایک شخص نے مبینہ طور پر صرف بیٹیاں پیدا ہونے کی وجہ سے اپنی دو کمسن بیٹیوں کو قتل اور بیوی کو زخمی کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ ایس ایچ او تھانہ سیت پور کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم نے مبینہ طور پر صرف بیٹیاں پیدا ہونے کی وجہ سے یہ اقدام کیا۔
پولیس کے مطابق زخمی خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ اس کے شوہر نے اس کے سر پر کسی چیز سے وار کیا، جس سے وہ بے ہوش ہو گئی۔ خاتون کا کہنا تھا کہ پانچ بیٹیاں پیدا ہونے کے بعد اس کا شوہر دوسری شادی کرنا چاہتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر گزشتہ روز دونوں بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد بیوی اور خود کو بھی زخمی کر لیا تھا۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔





