ٹوبہ ٹیک سنگھ: ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رجانہ کے قریب کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے تصادم میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد کی ہلاکت کا مقدمہ درج کر کے پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔
تھانہ رجانہ میں درج مقدمے میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 279 اور 322 شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق کار کے ڈرائیور نے ٹریکٹر ٹرالی کو اوورٹیک کرنے کی کوشش کی، تو ٹرالی کے ڈرائیور نے اچانک گاڑی دائیں جانب موڑ دی، جس سے کار ٹرالی کے نیچے آ گئی۔ پولیس کے مطابق ملزم کو موبائل فون کی لوکیشن ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ نے رجانہ سے کمالیہ کے راستے چیچہ وطنی تک سڑک کو دو رویہ بنانے کے لیے سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس پنجاب کو باضابطہ مراسلہ بھیج دیا ہے۔ مراسلے میں موٹروے انٹرچینجز سے رابطے، بڑھتے ہوئے ٹریفک دباؤ، اور شوگر ملز کے کرشنگ سیزن میں اضافی رش کی بنیاد پر سڑک کی توسیع کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کی رات پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 6 بچے، 2 خواتین اور 3 مرد شامل تھے، جن کا تعلق فیصل آباد سے تھا۔ خاندان شادی کی تقریب سے واپس جا رہا تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی۔





