لزبن: پرتگال فٹ بال فیڈریشن نے قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑنے پر کرسٹیانو رونالڈو کو عارضی طور پر معطل کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، 41 سالہ اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے ہیڈ کوچ جارجے جیزس کے ساتھ اختلافات کے بعد ڈنمارک کے خلاف نیشنز لیگ کے میچ سے قبل پرتگال کے قومی ٹیم کیمپ کو چھوڑ دیا تھا۔
رونالڈو 27 ستمبر کو ناروے کے خلاف میچ میں بینچ پر موجود تھے لیکن انہیں میدان میں اترنے کا موقع نہیں ملا۔ بعد ازاں انہوں نے الزام لگایا کہ کوچ نے انہیں کھیلنے کا موقع دینے کے حوالے سے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا تاہم، جارجے جیزس نے کسی باضابطہ معاہدے کی تردید کی تھی۔
پرتگال فٹ بال فیڈریشن نے تصدیق کی ہے کہ معاملہ انضباطی کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے اور کارروائی کو فوری نوعیت کا قرار دیا گیا ہے، فی الحال رونالڈو کے خلاف حتمی سزا کا اعلان نہیں کیا گیا۔
فیڈریشن کے قوانین کے مطابق، اگر کوئی کھلاڑی معقول وجہ کے بغیر قومی ٹیم کی تربیت، میچ یا کسی سرگرمی کو چھوڑتا ہے تو اسے ایک سے چھ ماہ تک کی معطلی اور جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تاہم، رونالڈو کے معاملے میں ان قوانین کا اطلاق کیسے ہوگا، یہ ابھی واضح نہیں۔
قبل ازیں رونالڈو نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو چھوڑ کر جانے پر معذرت کی تھی اور کہا ہے کہ وہ کسی بھی سزا کو قبول کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ وہ سزا پوری کرنے کے بعد پرتگال کی نمائندگی کے لیے دستیاب ہوں گے۔
پرتگال فٹ بال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروئنسا نے بھی معاملہ حل ہونے کے بعد رونالڈو کی قومی ٹیم میں واپسی کی خواہش ظاہر کی ہے۔





