اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بدھ، 14 اکتوبر کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 392 روپے 66 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 396 روپے 82 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
منگل، 13 اکتوبر کو پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 71 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
اس سے قبل پیٹرول 395 روپے 37 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 396 روپے 85 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت نئی ایکس ڈپو قیمتیں مقرر کی ہیں۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق قیمتوں میں حالیہ ردوبدل عالمی منڈی میں ہونے والی تبدیلیوں کے باعث کیا گیا ہے، جن میں پلاٹس ریفرنس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 13 اکتوبر کے لیے بھی پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 93 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 61 پیسے اضافہ ہوا تھا۔
حکومت کے نئے نظام کے تحت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا جائزہ اب ہفتہ وار یا پندرہ روزہ بنیادوں کے بجائے روزانہ لیا جاتا ہے۔
پاکستان نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تیل کی عالمی سپلائی سے متعلق خدشات کے باعث توانائی کی منڈیوں میں جاری اتار چڑھاؤ کے دوران قیمتوں کے تعین کا یہ نیا نظام متعارف کرایا تھا۔
پیٹرول کی قیمت میں حالیہ کمی سے صارفین کو محدود ریلیف ملے گا، تاہم ڈیزل کی قیمت میں صرف تین پیسے کی کمی نہایت معمولی ہے۔
نئے نظام کے تحت آئندہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تبدیلی کا انحصار عالمی نرخوں، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات پر ہوگا۔





