آئیچی: پاکستان نے جمعرات کو اوکازاکی چوؤ سوگو پارک جمنازیم میں بھارت کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر ایشین گیمز کے مردوں کے والی بال مقابلوں کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
پاکستان نے کوارٹر فائنل میں بھارت کو 19 25، 23 25 اور 18 25 سے شکست دے کر مقابلے سے باہر کر دیا۔ یہ ایشین گیمز میں بھارت کے خلاف پاکستان کی مسلسل دوسری فتح تھی۔
مراد خان نے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 22 پوائنٹس اسکور کیے، جبکہ عثمان فریاد علی نے نو اور محمد حماد نے آٹھ پوائنٹس حاصل کیے۔
پاکستان نے پہلا سیٹ 19 25 سے جیتا، جبکہ دوسرے سیٹ میں بھارت نے مقابلہ کیا۔ بھارت کو ایک موقع پر 16 19 کی برتری حاصل تھی، تاہم پاکستان نے اسکور برابر کرنے کے بعد سیٹ 23 25 سے اپنے نام کر لیا۔
تیسرے سیٹ میں پاکستان نے برتری قائم رکھی اور اسے 18 25 سے جیت کر میچ اسٹریٹ سیٹس میں اپنے نام کر لیا۔
اس سے قبل پول مرحلے میں پاکستان نے قازقستان اور ازبکستان کو شکست دی تھی۔ میزبان جاپان کے خلاف آخری گروپ میچ میں شکست کے بعد پاکستان پول اے میں دوسرے نمبر پر رہا۔ بھارت پول سی میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد کوارٹر فائنل میں پہنچا تھا۔
پاکستان اب مردوں کے والی بال مقابلے کے سیمی فائنل میں کھیلے گا، جہاں اس کی نظریں میڈل کے حصول پر ہوں گی۔





