فنافوٹی: بحرالکاہل کی جزیرہ ریاستوں کے رہنماؤں نے منگل کو تووالو میں موسمیاتی مذاکرات کے دوران دنیا پر زور دیا کہ فوسل ایندھن سے منتقلی کے وعدے پر عمل کیا جائے۔
دی گارڈین کے مطابق فجی کے وزیراعظم سیتیوینی رابوکا نے کہا کہ دبئی میں 2023 کی اقوام متحدہ موسمیاتی کانفرنس میں طے شدہ عزم کو دوبارہ مذاکرات کے لیے نہیں کھولا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو 1.5 ڈگری سیلسیس تک محدود رکھنے کا ہدف خطرے میں ہے، اس لیے ممالک کو اخراج میں کمی کے منصوبوں پر تیزی سے عمل کرنا ہوگا۔
آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیزی سمیت تقریباً 50 اعلیٰ شخصیات نے تووالو کا دورہ کیا، جن میں 14 قومی رہنما شامل تھے۔ دورہ آئندہ ماہ ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ہونے والی COP31 کانفرنس سے پہلے تیاری کے مذاکرات کا حصہ تھا۔ ان مذاکرات کا بیشتر حصہ فجی میں ہو رہا ہے۔
تووالو کے وزیراعظم فیلیتی تیو نے موسمیاتی مالی وسائل تک تیز رسائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمزور ممالک کو ایسے بحران سے تحفظ کے لیے قرض نہیں لینا چاہیے جس کے پیدا کرنے میں ان کا کردار بہت کم ہے۔
تووالو تین مرجانی جزائر اور چھ حلقہ نما مرجانی جزائر پر مشتمل ہے۔ اس کی بیشتر زمین سطح سمندر سے دو میٹر سے بھی کم بلند ہے۔ 10600 افراد پر مشتمل آبادی کا تقریباً نصف دارالحکومت فنافوٹی کے ایک حصے میں رہتا ہے۔
13 سالہ طالبہ میلیلوسی سوکوتیا نے رہنماؤں سے کہا کہ بچے اپنے ملک میں محفوظ طریقے سے بڑے ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے چھوٹی جزیرہ ریاستوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششوں کی درخواست کی۔
وفد نے گھروں اور بنیادی ڈھانچے کے لیے تقریباً 20 ہیکٹر اضافی زمین تیار کرنے کا منصوبہ بھی دیکھا، جس کی نگرانی اقوام متحدہ کا ترقیاتی پروگرام کر رہا ہے۔
تووالو کے موسمیاتی تبدیلی کے ڈائریکٹر جیمی اوویا نے کہا کہ سطح سمندر میں متوقع اضافے سے سیلاب اور طوفانی لہروں کا سالانہ نقصان 2050 تک تین کروڑ 40 لاکھ امریکی ڈالر اور 2100 تک چھ کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔





