اسلام آباد: قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے شہریوں کو وزیر اعظم کے نام سے منسوب 13 ہزار روپے کی جعلی نقد امدادی اسکیم کے پیغامات سے خبردار کیا ہے۔
ایجنسی کے ترجمان کے مطابق، سائبر جرائم میں ملوث افراد وزیر اعظم کے نام پر مالی امداد کی پیشکش کرنے والے جعلی پیغامات اور ویب لنکس پھیلا رہے ہیں، جن کا مقصد شہریوں کی ذاتی معلومات اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کرنا ہے۔
این سی سی آئی اے نے واضح کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے اس نوعیت کی کوئی اسکیم شروع نہیں کی۔
ایجنسی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیرمصدقہ پیغامات میں موجود لنکس پر کلک نہ کریں اور اپنی شناختی یا بینکاری معلومات کسی نامعلوم ویب سائٹ پر فراہم نہ کریں۔
حکام کے مطابق، ایسے پیغامات کے ذریعے شہریوں کو مالی فائدے کا جھانسہ دے کر سائبر فراڈ کا نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
این سی سی آئی اے نے شہریوں سے کہا ہے کہ مشکوک پیغامات یا آن لائن فراڈ کی شکایت اس کی 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن 1799 پر درج کرائی جا سکتی ہے۔
شکایات کے لیے ایجنسی کا آن لائن پورٹل complaint.nccia.gov.pk بھی دستیاب ہے، جبکہ شہری قریبی سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر سے بھی رجوع کر سکتے ہیں۔
ایجنسی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ مالی امداد سے متعلق کسی بھی اعلان کی تصدیق متعلقہ سرکاری ادارے کے مستند ذرائع سے کریں تاکہ ذاتی معلومات اور رقم کو سائبر فراڈ سے محفوظ رکھا جا سکے۔





