جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ان کی حکومت صوبے کے تمام شہروں کو بلا تفریق یکساں ترقی دے رہی ہے اور فنڈز کو صرف بڑے شہروں تک محدود رکھنے کی پرانی روایت کو ختم کر دیا گیا ہے۔
جہلم میں طلبہ میں لیپ ٹاپ اور 'ہونہار اسکالرشپس' تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے اصل ہیروز یہ محنتی بچے ہیں اور تعلیم پر سرمایہ کاری دراصل قوم کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے۔
تقریب کے دوران جہلم یونیورسٹی کے 115 طلبہ اور نرسنگ کالج کی 42 طالبات میں لیپ ٹاپ، جبکہ 109 طلبہ میں قریباً 25 لاکھ روپے کے اسکالرشپس تقسیم کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ صوبے کے 50 ہزار سرکاری اسکولوں کا معیار نجی اداروں سے بہتر بنایا جا رہا ہے اور 40 شہروں میں جدید 'نواز شریف اسکول' قائم کیے جا رہے ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ طلبہ کے لیے گرین بسوں میں مفت سفری سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے جو راولپنڈی، جہلم، ملتان اور دیگر شہروں میں فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے طالبات کو ہیلمٹ پہننے اور ڈرائیونگ ٹریننگ کی ہدایت کرتے ہوئے بتایا کہ سکوٹیز کی پہلی کھیپ کی تقسیم بھی جلد شروع ہو جائے گی۔
صحت کے شعبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہلم میں دل کے مریضوں کے لیے جدید کارڈیک لیب قائم کر دی گئی ہے جبکہ پنجاب کے 25 شہروں میں کارڈیک سہولتیں اور ہر ڈویژن میں کینسر اسپتال بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پچھلے دو سال کے دوران صوبے میں 50 ہزار کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں۔ اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ گمراہ کن باتوں پر دھیان دینے کے بجائے حقائق جانیں اور ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔





