کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں 10 لاکھ سیلاب متاثرین کو گھروں کی فراہمی کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسے 1970 کے بعد ملک کی تاریخ میں زمینوں کی منتقلی کا سب سے بڑا انقلابی اقدام قرار دیا ہے، اور تاکید کی ہے کہ تمام حکومتوں اور سیاسی جماعتوں کی پہلی ذمہ داری عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔
دس لاکھ گھروں کی تعمیر اور کرپشن کا کھلم کھلا چیلنج
بلاول بھٹو زرداری نے بتایا کہ شدید معاشی مشکلات اور تاریخی مہنگائی کے باوجود وفاقی حکومت اور عالمی مالیاتی اداروں کے تعاون سے 10 لاکھ متاثرہ خاندانوں کو نہ صرف چھت دی گئی ہے بلکہ انہیں باقاعدہ زمینوں کی ملکیت بھی منتقل کر دی گئی ہے۔ اس موقع پر شفافیت کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کھلم کھلا چیلنج دیا کہ اس منصوبے کے تحت تعمیر شدہ 10 لاکھ گھروں میں سے کسی ایک میں بھی یا ایک روپے کی کرپشن ثابت کر کے دکھائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین سے وعدہ کیا تھا کہ ان کو گھر بنا کر دیں گے، سندھ حکومت کا ہر منصوبہ عوام کا ساتھ دینے والا ہے۔
وفاقی اور صوبائی کارکردگی کا موازنہ اور اگلا ہدف
اپنے خطاب کے دوران سندھ اور دیگر صوبوں کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا
جب یہ منصوبہ مکمل ہو گا تو ہم بیس لاکھ گھر بنائیں گے۔ سیلاب سے سندھ کے بعد سب سے متاثرہ صوبہ سندھ تھا، ہم نے بہترین امدادی اقدامات کئے لیکن بلوچستان میں کوئی کام نہیں ہوا۔ سندھ میں جو وفاقی حکومت نے گھر بنانے تھے، 3 سال میں سندھ حکومت نے 10 لاکھ گھر بنا دئیے ہیں، ہم بیس لاکھ گھر بھی بنا دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں وفاقی حکومت نے ذمہ داری لی اور سندھ میں ہم نے، ہم نے اپنا وعدہ پورا کر کے دکھایا جبکہ بلوچستان میں صرف تیس ہزار گھر بنائے گئے۔ انہوں نے دہرایا کہ مشکلات اور مصائب کا شکار خاندانوں کی مستقل آبادکاری سندھ حکومت کا تاریخی اقدام ہے اور 20 لاکھ گھروں کا ہدف ہر صورت پورا کیا جائے گا۔





