اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کو مشترکہ اقدامات اور علاقائی تعاون کا مؤثر پلیٹ فارم بنانا ہوگا، اور تجارت، ٹرانسپورٹ اور توانائی کو تنظیم کے تعاون کے تین بنیادی ستون ہونا چاہیے۔
اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عباس عراقچی نے اعلان کیا کہ تنظیم کا 18واں سربراہی اجلاس 4 دسمبر کو تہران میں منعقد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایران ای سی او کے تجارتی معاہدے میں اصلاحات کے لیے مذاکرات کا خیرمقدم کرتا ہے، اور خطے میں توانائی کے تحفظ کے لیے مشترکہ اور قابلِ اعتماد نظام بنانا ہوگا۔
امریکا اور اسرائیل پر تنقید:
ایرانی وزیر خارجہ نے ایران کی علاقائی سالمیت کی حمایت کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ہمیشہ بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کی ہے اور گزشتہ دو سال سے تنازعات کے پرامن حل کے لیے پرعزم رہا ہے، جبکہ امریکا نے جارحیت، دھمکیوں اور معاشی دباؤ کا راستہ اختیار کیا۔
عباس عراقچی کے مطابق امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر اور متعدد اعلیٰ حکام سمیت 5 ہزار سے زائد ایرانی شہری جاں بحق ہوئے، جن میں میناب کے ایک اسکول کے 168 طلبہ اور اساتذہ بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال امریکی اور اسرائیلی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات ایک دوسرے کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہییں، اور ایران کے دفاعی اقدامات صرف جارح قوتوں کے اہداف اور فوجی اڈوں کے خلاف ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اپنے ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے، اور خطے کی سلامتی کے لیے علاقائی سطح پر جامع مذاکرات ناگزیر ہیں۔
غزہ کی صورتحال:
عباس عراقچی نے غزہ کی صورتحال کو انسانیت کے لیے شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں گزشتہ تین سال سے نسل کشی جاری ہے۔ انہوں نے اسرائیل سے انسانی امداد کی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا، اور کہا کہ بے گھر فلسطینیوں کو خوراک، ادویات اور عارضی پناہ گاہوں کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی آبادکاری میں اضافے اور فلسطینی قیدیوں سے ناروا سلوک کی اطلاعات پر بھی تشویش ظاہر کی۔




