اسلام آباد: وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بیرونی ملک سفر کرنے والوں کے لیے ویکسین کی خریداری میں بے ضابطگیوں کی تصدیق کی ہے، تاہم واضح کیا ہے کہ اس معاملے سے سرکاری خزانے کو ایک روپے کا نقصان نہیں پہنچا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ 10 ارب روپے کی کرپشن یا رشوت کے الزامات بالکل بے بنیاد ہیں، اور وزیراعظم کی قائم کردہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ میں بھی ایسی کسی رقم کا ذکر نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہریوں سے وصول کیے گئے 18 کروڑ 30 لاکھ روپے نادرا کے اکاؤنٹ میں محفوظ ہیں اور ویکسین فراہم کرنے والی کمپنی کو اب تک کوئی ادائیگی نہیں کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ 1300 روپے والی ویکسین 2500 روپے میں خریدنے کا معاملہ سامنے آنے پر اندرونی انکوائری شروع کی گئی ہے، جس میں ڈریپ اور دیگر متعلقہ اداروں کے گزشتہ 4 سالہ کردار کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پریس کانفرنس کے دوران سیاسی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا قیام ایک جائز مطالبہ ہے اور وہ کسی دباؤ میں آئے بغیر سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کے حقوق اور آواز کو مضبوط بناتے رہیں گے۔





