اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ طے پانے والا مکہ معاہدہ کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں، بلکہ یہ تینوں ممالک کے درمیان شراکت داری کا مظہر ہے۔
مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ مجوزہ دفاعی تعاون اس بات کا ثبوت ہے کہ تینوں ممالک علاقائی امن اور استحکام کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا خطہ دیکھنا چاہتا ہے جو پُرامن، مستحکم اور معاشی طور پر ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہو۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے اور پاکستان اس ضمن میں مؤثر اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔
عالمی نظام پر بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بین الاقوامی سیکیورٹی کا ڈھانچہ اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے۔ ان کے مطابق عالمی قوانین کا یکساں اطلاق نہ ہونے سے تفریق جنم لیتی ہے، اس لیے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو اپنا کردار زیادہ مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوگا۔
خارجہ پالیسی کے خدوخال بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتے عالمی حالات میں پاکستان دوست ممالک اور بین الاقوامی شراکت داروں سے تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون قرار دیا، جبکہ امریکا، سعودی عرب، ترکیہ، جاپان، مصر، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا سے تعلقات کو بھی اہم قرار دیا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان قومی سلامتی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ سفارتی روابط اور ترقی کے مواقع بھی برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ ان کے مطابق دفاعی اور تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ اور معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کاروبار کے فروغ، روزگار کی فراہمی اور عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے لیے مضبوط ادارے، ہنرمند افرادی قوت اور کاروبار دوست ماحول ناگزیر ہیں، اور ترقی پذیر ممالک کو عالمی معاشی نظام میں برابر کے مواقع ملنے چاہئیں۔




