ہری پور: تربیلا ڈیم سے دریائے سندھ میں اضافی پانی چھوڑے جانے کے پیشِ نظر آئندہ 24 گھنٹوں میں پانی کے بہاؤ میں شدید اضافے کا امکان ہے، جس پر اٹک اور ہری پور اضلاع میں ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے اٹک کی تحصیل حضرو اور چھچھ گاؤں سمیت دریائے سندھ کے قریب واقع علاقوں کے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور اپنے مال مویشی فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ضلعی حکام کے مطابق تربیلا ڈیم سے 1 لاکھ 50 ہزار کیوسک پانی چھوڑنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جبکہ ڈیم میں پانی کی سطح کم کر کے 1,490 فٹ تک لائی جا رہی ہے۔
مشیرِ آبپاشی نے بتایا کہ دریائے سندھ میں ہنڈ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 33 ہزار 737 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان واپڈا نے تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 5 کے منہدم ہونے کی اطلاعات کو سختی سے رد کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق پن بجلی منصوبے کی کنیکٹنگ ٹنل کی کھدائی کے دوران چٹان کا ایک حصہ گرنے سے پانی ٹنل میں داخل ہوا تھا، تاہم ان ٹیک پٹ سے پانی مکمل طور پر نکال لیا گیا ہے۔
تمام مقامی و غیر ملکی ورکرز باحفاظت نکال لیے گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مین ٹنل اور پاور ہاؤس محفوظ ہیں، تاہم حادثے کے بعد فی الوقت تعمیراتی کام روک دیا گیا ہے۔





