لاہور: لاہور پولیس نے لیاقت آباد کے علاقے میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک 13 سالہ بچی کی رخصتی کی تقریب رکوا کر 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے ترجمان کے مطابق پولیس کو کشمیری محلہ کے ایک نجی شادی ہال میں کم عمری کی شادی کی تقریب جاری ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ اس پر لیاقت آباد پولیس نے فوری چھاپہ مار کر تقریب رکوا دی اور موقع سے دولہا اور بچی کے والد سمیت 6 افراد کو حراست میں لے لیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بچی کا نکاح گزشتہ ماہ 4 اکتوبر کو پڑھایا گیا تھا۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ تھانہ لیاقت آباد میں درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 کے تحت لڑکے اور لڑکی دونوں کے لیے شادی کی کم از کم قانوناً عمر 18 سال مقرر ہے اور کم عمری کی شادی ایک نا قابلِ ضمانت جرم ہے۔ اس قانون کے تحت کم عمر بچے سے شادی کرنے والے بالغ شخص کے ساتھ ساتھ اجازت دینے والے سرپرست کو 2 سے 3 سال قید اور 5 لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔




