رام اللہ: مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی کسان زیتون کی فصل کے بارے میں بے یقینی کا شکار ہیں، کیونکہ زمینوں تک رسائی کی پابندیاں، بستیوں کی توسیع کے لیے زمینوں پر قبضہ اور قدیم باغات کی تباہی ان کی آمدن اور زمین سے تعلق، دونوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
24 ستمبر کو اسرائیلی فورسز نے رام اللہ کے قریب بیت ریما میں فلسطینیوں کی ۳۱ دونم زمین پر موجود زیتون کے 400 درخت اکھاڑ دیے۔ یہ درخت نسلوں سے فلسطینی خاندانوں کی روزی کا ذریعہ تھے۔
فصل کی چنائی شروع ہونے کے ساتھ حملے بھی جاری ہیں۔ قابض ریاست کی سرپرستی اور حمایت یافتہ غیر قانونی قابضین نے یکم اکتوبر کو نابلس کے جنوب میں اودلا گاؤں میں کسانوں پر حملہ کیا اور انہیں زیتون جمع کرنے سے روک دیا۔
دو اکتوبر کو انہوں نے مبینہ طور پر بیتا کے قریب جبل العرمہ کے علاقے میں زیتون چننے والے کسانوں کی جانب براہ راست گولیاں چلائیں۔ یہ واقعات فصل کی چنائی کے متعدد موسموں میں دستاویز کیے گئے مسلسل حملوں کا حصہ ہیں۔
چھ سے 19 اکتوبر 2020 کے دوران اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے دفتر، اوچا، نے فصل سے متعلق 19 واقعات ریکارڈ کیے، جن میں ملوث غیر قانونی قابضین تھے۔ ان واقعات میں 23 فلسطینی کسان زخمی ہوئے، زیتون کے ایک ہزار سے زیادہ درخت جلائے گئے یا انہیں دیگر طریقوں سے نقصان پہنچایا گیا، جبکہ پیداوار بھی چوری کی گئی۔
یکم اکتوبر سے دس نومبر 2025 کے دوران اوچا نے فصل سے متعلق آبادکاروں کے 167 حملے دستاویز کیے، جن سے 87 فلسطینی قصبے اور دیہات متاثر ہوئے۔ پانچ ہزار سات سو سے زیادہ درختوں اور پودوں کو نقصان پہنچائے جانے کی اطلاع ملی، جن میں بیشتر زیتون کے تھے۔
اوچا نے زرعی دروازوں اور چوکیوں کے ذریعے زمینوں تک رسائی پر سخت پابندیاں بھی دستاویز کیں۔ بعض خاندان اپنے باغات پہنچے تو انہیں درخت اکھڑے یا جلے ہوئے ملے، یا ان کی فصل پہلے ہی چنی جاچکی تھی۔
یہ نقصان صرف ایک موسم کی فصل تک محدود نہیں۔ پھل دینے والے بڑے درختوں کی تباہی آمدن کے مستقل ذریعے کو ختم کردیتی ہے، جبکہ رسائی کی پابندیاں کسانوں کو باقی باغات کی دیکھ بھال اور فصل جمع کرنے سے روکتی ہیں۔



