ازمیر: ترکیہ کے مغربی شہر ازمیر میں لوہے اور اسٹیل کی ایک فیکٹری میں دھماکے سے 17 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد فیکٹری کے ملازمین تھے۔ جائے وقوعہ کی فوٹیج میں فیکٹری کے اندر بڑے پیمانے پر آگ لگی اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔
ازمیر کے گورنر نے بتایا کہ متبادل بوائلر لے جانے والی ایک کرین گر گئی تھی اور اس پر موجود سامان نیچے بھٹی میں جا گرا، جس کے بعد دھماکا ہوا۔
گورنر نے میڈیا سے گفتگو میں خدشہ ظاہر کیا کہ کچھ افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے سے زمین لرز اٹھی اور ایک شخص کو ابتدا میں لگا کہ زلزلہ آیا ہے۔



