اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کی بحالی کا دار و مدار نئی دہلی کے طرزِ عمل پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔
غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو میں اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا اور ایران کی کشیدگی کا واحد حل مذاکرات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ شروع ہوتے ہی انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ سے رابطہ کر کے تحمل کا مشورہ دیا تھا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے عالمی تنازعات کے پرامن حل کے لیے کوشاں ہے، اور خطے میں پائیدار امن کے لیے نیا سکیورٹی فریم ورک ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاک پولیٹکس مسائل کا حل نہیں، اور پاکستان امریکا اور چین دونوں کے ساتھ متوازن تعلقات برقرار رکھے گا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر پر مشتمل "آر فور" ممالک کا اجلاس اگلے ماہ جرمنی میں ہوگا۔ ان کے مطابق استنبول اجلاس میں یورپی ممالک کی شمولیت کے بعد یہ فورم "ای فور" کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے تسلسل کے لیے یورپ کی حمایت چاہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لیے ایک خصوصی فورس بنائی گئی ہے۔





