ٹیکنالوجی برانڈ سی ایم ایف نے دودھ کے ڈبے سے مشابہ منفرد ڈیزائن کے نئے بلوٹوتھ اسپیکرز متعارف کرا دیے۔
سی ایم ایف نے اپنے پہلے اسپیکرز، Speaker S اور Speaker M، پیش کر دیے ہیں۔ دونوں اسپیکرز کا ڈیزائن دودھ کے روایتی ڈبے سے متاثر ہے اور یہ سفید، گہرے سرمئی، نارنجی اور فیروزی رنگوں میں دستیاب ہیں۔

سی ایم ایف اسپیکر ایس کو آسانی سے ساتھ لے جانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں 45 ملی میٹر کا ڈرائیور، 18 گھنٹے تک بیٹری بیک اپ اور بلوٹوتھ 6.0 کنیکٹیویٹی موجود ہے، اسی طرح دو ایک جیسے ماڈل اسپیکرز کو آپس میں جوڑ کر اسٹیریو ساؤنڈ بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔
سی ایم ایف اسپیکر ایم نسبتاً بڑا ماڈل ہے، جسے کمروں اور تقریبات میں زیادہ طاقتور آواز فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں الگ ووفر اور ٹوئیٹر نصب ہیں جبکہ اس کی مجموعی آڈیو آؤٹ پٹ 35 واٹ آر ایم ایس ہے۔

دونوں اسپیکرز میں USB-C کے ذریعے لاس لیس آڈیو، آواز کو خودکار طور پر بہتر بنانے کی سہولت اور Nothing X ایپ کے ذریعے ایکویلائزر کی سیٹنگز تبدیل کرنے کے فیچرز شامل ہیں۔
ان اسپیکرز کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ ان کے سامنے والے پینل اور والیوم نوبز تبدیل کیے جاسکتے ہیں۔ صارفین اپنی پسند کے مطابق مختلف ڈیزائن استعمال کر سکتے ہیں یا تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے اپنے ڈیزائن تیار کرواسکتے ہیں۔
سی ایم ایف اسپیکر ایس کی قیمت 59 ڈالر جبکہ اسپیکر ایم کی ابتدائی قیمت 109 ڈالر رکھی گئی ہے۔ دونوں ماڈلز چار مختلف رنگوں میں دستیاب ہیں۔
اس لانچ کے ساتھ سی ایم ایف نے اسمارٹ فونز، ہیڈفونز اور دیگر ٹیکنالوجی مصنوعات کے بعد اسپیکرز کے شعبے میں بھی قدم رکھ دیا ہے۔









