کراچی: سابق کرکٹر باسط علی نے بھارتی اداکار نانا پاٹیکر کے انتقال پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جذباتی یاد شیئر کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق کرکٹر نے کہا کہ بالی ووڈ اسٹار نانا پاٹیکر سے دوستی کا آغاز 1994 میں ہوا تھا اور کئی برسوں تک رابطے میں رہے، وہ عام طور پر مہینے میں ایک یا دو مرتبہ بات کرتے تھے۔
باسط نے بتایا کہ جب ان کی والدہ اسپتال میں زیر علاج تھیں تو نانا پاٹیکر ہر ہفتے فون کرکے ان کی خیریت دریافت کرتے، ان کے لیے دعائیں کرتے اور ان سے طویل گفتگو بھی کرتے تھے۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ والدہ کے انتقال کے بعد بھی نانا پاٹیکر نے ان کا خیال رکھا اور انہیں خود اپنا خیال رکھنے کی تلقین کی۔
باسیط علی نے بتایا کہ جب انہیں دل کی تکلیف ہوئی اور علاج کے دوران اسٹنٹ ڈالا گیا تو نانا پاٹیکر نے پیغام بھیج کر ان کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے اداکار کو ایک بہترین انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ حقیقی زندگی میں بھی ویسے ہی تھے جیسے فلموں میں نظر آتے تھے۔





